30

آکسیجن کی کمی دور کرنے کے لیے پاکستان اسٹیل کے پلانٹ کو فعال کیا جائے

سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا

کراچی (تازہ ترین 29 اپریل 2021ء) : سربراہ ایدھی فاؤنڈیشن فیصل ایدھی نے ملک میں آکسیجن کی کمی کو پورا کرنے کے لیےپاکستان اسٹیل کے پلانٹ کو فعال کے لیےوزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل اہدھی نے وزیر اعظم عمران خان کو ایک خط ارسال کیا جس میں انہوں نے کہا کہ اسپتالوں میں آکسیجن کی کمی دور کرنے کے لیےپاکستان اسٹیل سے فائدہ اُٹھایا جا سکتا ہے ۔اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹیل کا پلانٹ یومیہ 520 ٹن آکسیجن پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پلانٹ فرانسیسی ٹیکنالوجی کا حامل ہے، جون 2015ء سے بند پڑا ہے،پاکستان اسٹیل 2017ء تک پلانٹ کے ذخیرے سے آکسیجن فراہم کرتا رہا ہے۔ فیصل ایدھی نے وزیر اعظم عمران خان کو ارسال کیے خط میں کہا کہ پلانٹ کے 2 یونٹ بغیرکسی لاگت کے قدرتی طور پر آکسیجن پیدا کرتے ہیں ،پاکستان اسٹیل پلانٹ سے مائع آکسیجن اسپتالوں کے لیے تیار کی جاتی ہے ، پلانٹ کوفعال کیا جائے توملک میں آکسیجن کی کمی دورکی جاسکتی ہے۔خط میں مزید کہا گیا کہ 6 ماہ سے بندپاکستان اسٹیل پلانٹ معمولی مرمت کے بعد پیداوار شروع کرسکتا ہے، موجودہ صورتحال میں پلانٹ کو فعال کرکے آکسیجن حاصل کی جاسکتی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھارت میں کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظربھارتی حکومت کو مدد کی پیشکش کی تھی جس کے لیے انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے نام خط لکھا تھا۔فیصل ایدھی نے بھارتی وزیر اعظم کو خط میں کہا کہ بھارت میں کورونا مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ایدھی فاؤنڈیشن بھارتی عوام کی ہر ممکن مدد کرنے کو تیار ہے۔ ہمسایہ ملک ہونے کے ناطے ہم آپ کی مدد کرنا چاہتے ہیں جس کے لیےہم ایدھی فاؤنڈیشن کی پچاس ایمبولینسز عملے کے ہمراہ آپ کو بھیجنے کے لیے تیار ہیں تاکہ عالمی وبا کورونا وائرس سے نمٹنے میں آپ کی مدد کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میں فیصل ایدھی کی بحیثیت مینجنگ ٹرسٹی ایدھی فاؤنڈیشن ذاتی طور پر اپنی تنظیم کو لیڈ کروں گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں